Wednesday, 24 February 2021

پس غبار طلب خوف جستجو ہے بہت

 پسِ غبارِ طلب خوفِ جستجو ہے بہت

رفیقِ راہ مگر ان کی آرزو ہے بہت

لرز کے ٹوٹ ہی جائے نہ آج برگِ بدن

لہو میں قُرب کی گرمی رگوں میں لَو ہے بہت

اُلجھ گیا ہے وہ خواہش کے جال میں یعنی

فریبِ رنگِ ہوس اب کے دُو بہ دُو ہے بہت

کٹا پھٹا سہی ملبوسِ کُہنگی نہ اُتار

تِرے لیے یہی دیوارِ آبرو ہے بہت

مزاجِ وقت کی تصویر بن گئے ہم لوگ

لبوں پہ برف جمی ہے دلوں میں لَو ہے بہت

ہرا بھرا نظر آتا ہے یوں تو وہ اختر

دیارِ دل میں مگر قحطِ رنگ و بو ہے مگر


سلطان اختر

No comments:

Post a Comment