Saturday, 20 February 2021

یہ وڈیرے کی پر اسرار حویلی تو نہیں

 یہ وڈیرے کی پُر اسرار حویلی تو نہیں

زندگی تلخ سہی، کوئی پہیلی تو نہیں

اشک، تنہائی، تِری یاد، کتابیں، وحشت

ایک لشکر ہے مِرے ساتھ، اکیلی تو نہیں

دل کے بہلانے کو ہوتے ہیں کئی خواب حسیں

ان کھلونوں سے مگر میں کبهی کھیلی تو نہیں

میں کہیں جاؤں مِرے ساتھ رہا کرتی ہے

یہ اداسی مِری بچپن کی سہیلی تو نہیں

ایسی بے رنگ کہ بلقیس گماں ہوتا ہے

زندگی دخترِ مفلس کی ہتهیلی تو نہیں


بلقیس خان

No comments:

Post a Comment