Wednesday, 25 August 2021

پوچھی نہ خبر کبھی ہماری

 پوچھی نہ خبر کبھی ہماری

لی خوب خبر اجی ہماری

ہم لائقِ بندگی نہیں تو

بس خیر ہے بندگی ہماری

اے دیدۂ نم نہ تھم تو ہرگز

ہے اس میں ہی بہتری ہماری

یاں تیری کمر ہی جب نہ دیکھیں

پھر ہیچ ہے زندگی ہماری

ہم جان چکے کہ جان کے ساتھ

جاوے گی یہ جانکنی ہماری

چلنے کا لیا جو نام تُو نے

بس جان ابھی چلی ہماری

بگڑے ہو بھلے بھی بات کہتے

قسمت ہی بُری بنی ہماری

اس زُلف کے سلسلہ میں ہیں ہم

ہے عمر بہت بڑی ہماری

کیوں کر نہ کٹی زباں تمہاری

ہاں اور کرو بدی ہماری

کہتے ہیں پلٹ گیا وہ رہ سے

تقدیر الٹ گئی ہماری

اب ہنستے ہیں ہم پہ لوگ ورنہ

مشہور تھی یاں ہنسی ہماری

ہم ہٹتے ہیں ملکِ عشق سے کب

ہیٹی کسی نے کہی ہماری

کیا کام کسی سے ہم کو احسان

ہم اور یہ بے کسی ہماری


احسان دہلوی

No comments:

Post a Comment