Saturday 25 September 2021

تحھ کو لکھے ہوئے خط مہکتے رہیں گے سدا

 دن گزر جائیں گے

عمر ڈھل جائے گی

وقت کٹ جائے گا

یہ محبت کی زرخیر رُت بھی

کسی روز اُجڑی خزاں میں بدل جائے گی

وقت بوسیدگی کے رسن سے

سبھی موسموں کو اداسی کے بنجر میں باندھ آئے گا

روشنی کی رمق بھی تو معدوم ہو جائے گی

سارے جذبات و حِدت بھرے لمس بھی

رائیگانی کی مٹی میں مل جائیں گے

ہونٹ کی سُرخیاں ماند پڑ جائیں گی

اور جوانی کا غازہ اُتر جائے گا

اپنے ہاتھوں پہ، گالوں پہ گزرے ہوئے سالوں کی

سلوٹیں بھی نمایاں نظر آئیں گی

خواہشوں کے گھروندے بھی آخر کہیں 

ریزہ ریزہ بکھر جائیں گے

آنکھ میں تیرگی کا تنا سب بڑھے گا

تو امید کی روشنی میں سنورتے ہوئے 

خواب مر جائیں گے

یہ محبت کے پیمان، تسکینِ دل، قُربتوں کا سحر 

بھسم ہو جائے گا

اس تغیر سے کچھ ماورائی نہیں ہے

مگر میرے کمرے کی بوسیدہ صندوق میں 

طاقِ نسیاں کی زینت بنے

تحھ کو لکھے ہوئے خط مہکتے رہیں گے سدا


بشریٰ شاہ

بشریٰ شہزادی

No comments:

Post a Comment