Friday 24 September 2021

کیا سمجھ پائیں گے مجھ پیڑ کا آزار میاں

 کیا سمجھ پائیں گے مجھ پیڑ کا آزار میاں

مُشت بھر خاک کے گملوں میں پڑے یار میاں

اپنے ہونےکی سزا کاٹتے پھرتے ہیں سبھی

کوئی اندر کوئی باہر سے گرفتار میاں

ڈھل گئی عمر میری شعبدہ بازی والی

اب میرے پاؤں پکڑ لیتے ہیں انگار میاں

خاک اس بیل کی صورت کو ترس جاتی ہے

راس آ جائے جسے موسمِ دیوار میاں

زلزلے رزق بڑھا دیتے ہیں مزدوروں کا

کام فطرت کوئی کرتی نہیں بے کار میاں

لگ گیا شہر کا ہر شخص شجرکاری میں

میں ہوں صحرا سے اجازت کا طلبگار میاں

یہ جو سنتا ہوں توجہ سے میں باتیں اس کی

ہاتھ لگ جاتے ہیں مصرِعے مرے دو چار میاں

جس کی تصویر بنا لیتی ہیں آنکھیں میری

گھیر لیتی ہے وہ نکتہ میری پرکار میاں

چٹخنی دل نےچڑھا رکھی ہے ہونٹوں پہ کبیر

بند اندر سے ہے دروازۂ گفتار میاں


کبیر اطہر

No comments:

Post a Comment