Wednesday, 1 December 2021

تصویر حیا پیکر ایمان ہیں عثمان

 عارفانہ کلام منقبت بر حضرت عثمانؓ ذوالنورین


تصویرِ حیا، پیکرِ ایمان ہیں عثمانؓ

کردار میں اللہ کی بُرہان ہیں عثمان

حقا کہ ہے عثمان کو قرآن سے محبت

شک اس میں نہیں، جامعِ قرآن ہیں عثمان

جنت کی بشارت ہے ملی جن کو نبیؐ سے

یاران شہِ دیںﷺ میں وہ ذیشان ہیں عثمان

ضامن ہیں جناں کے جو شہنشاہ اممؐ خود

ہیں بحر عطا، مخزنِ احسان ہیں عثمان

عثمانؓ غنی محسنِ اسلام ہیں بے شک

مومن ہیں جو وہ آپ پہ قربان ہیں عثمان

عثمانؓ ہے جنت میں مِرا ہمدم و ہمراز

ارشادِ شہِ دیںؐ سے ہی ذیشان ہیں عثمان

بوبکرؓ و عمرؓ اور اسد اللہؓ کے ہمدم

سن لو سببِ بیعتِ رضوان ہیں عثمان

دو ہجرتیں کیں آپ نے طیبہ و حبش کو

یعنی کہ سدا کاملِ ایقان ہیں عثمان

اللہ کا رنگ اب لیا عثمان نے دیکھو

رنگیں لہو سے جن کے ہے قرآن ہیں عثمان

حقا کہ ہیں عثمان ہی دو نوروں کے حامل

داماد پیمبرﷺ جو ہیں، ذیشان ہیں عثمان

جود و سخا کے پھول سدا جس میں کھلے ہیں

عالم میں اک ایسے چمنستان ہیں عثمان


تنویر پھول

No comments:

Post a Comment