Wednesday, 1 December 2021

سلام اس پر کہ کعبہ میں ولادت کا شرف پایا

 سلام بر مولود کعبہ مولا علیؑ شیر خدا


سلام اس پر کہ کعبہ میں ولادت کا شرف پایا

جو بچپن ہی سے آغوشِ محمدﷺ میں چلا آیا

سلام اس پر جو شہزادہ ہے یوم ذوالعشیرہ کا

وہی اس وقت سارے پتھروں میں ایک ہیرا تھا

شبِ ہجرت نبیﷺ کے پاک بستر پر وہ سویا تھا

نبیؐ کا عشق جس نے اپنی رگ رگ میں سمویا تھا

وہی خیبر میں جو زورِ ید اللہی کا مظہر ہے

مقابل جس کی طاقت کے نہ مرحب ہے نہ عنتر ہے

سلام اس پر جو شہرِ علمؐ کا اک بابِ عالی ہے

وہ جس کا قلب حبِ دولتِ دنیا سے خالی ہے

سلام اس پر کہ جو توحید کی منزل دکھاتا ہے

ولایت کا ہر اک رستہ اسی کے در تک آتا ہے

سلام اس پر کہ جو محرم ہے ہر سرِ نہانی کا

سلام اس پر جو سرنامہ ہے ذوقِ جاں فشانی کا

جو قنبر کو لباسِ نو بنا کر دے سلام اس پر

سلام اس پر سدا پیوند کا کُرتا سجے جس پر

اسی کا نام سن کر دل کی دھڑکن تیز ہوتی ہے

اسی کا نام سے تو زندگی مہمیز ہوتی ہے

سلام اس خوں پر محرابِ نبوتؐ ہے امیں جس کی

سلام اس پر محبت ہے یقیناً شرطِ دیں جس کی

وہ جس کے خانۂ عرش آشیاں میں روشنی بن کر

ضیا افگن ہوئی ہے سرو نورِ عینِ پیغمبر

وہ خورشید ہدایت، مرتضٰیؓ، کرارؓ، حیدرؓ ہیں

کہ جس کی دائمی کرنیں یہاں شبیرؑ و شبرؑ ہیں

مدینے سے نجف تک نور کی اک لہر جاری ہے

وہاں بھی فضلِ باری ہے یہاں بھی فضلِ باری ہے

مِری رگ رگ میں عشقِ مرتضٰیؓ کا نور بہتا ہے

کہ وہ کونین کا محبوب میرے دل میں رہتا ہے

خدا کا شکر ہے اس کی غلامی سے مشرف ہوں

کہ مداحِ علیؑ ہوں مدح گوئی میں مصرف ہوں

نسب کا فیض بھی پایا ہے، میں نے ذاتِ عالی سے

غلامی کی سند بھی مل گئی کوفے کے والی سے

تمنا ہے قیامت میں تِرے جھنڈے تلے اٹھوں

قصیدہ مدح میں پڑھتا ہوا فردوس تک پہنچوں

یہی اے سرو حسنِ آرزو، حسنِ تمنا ہے

علیؑ کے عشق سے میں ہوں، علیؑ کا عشق میرا ہے


سرو سہارنپوری​

No comments:

Post a Comment