Tuesday, 28 December 2021

وہ اندر سے مر جاتے ہیں جن کے خواب بکھر جاتے ہیں

 وہ اندر سے مر جاتے ہیں

جن کے خواب بکھر جاتے ہیں

دیجے اُس دیوار کو پُرسہ

جس کے سائے اُتر جاتے ہیں

بھر لیتے ہیں اِک پیمانہ

جب اندر سے بھر جاتے ہیں

شکر کرو کہ ہجر ملا ہے

ورنہ لوگ تو مر جاتے ہیں

آپ بھی لیجے رستہ اپنا

ہم بھی اپنے گھر جاتے ہیں

کچھ الزام محبت کے اب

دیکھیں کس کے سر جاتے ہیں

کھا کر جھوٹی جھوٹی قسمیں

کیسے لوگ مُکر جاتے ہیں

چھوڑ چکے ہیں ہم وہ رستہ

سب جس رستے پر جاتے ہیں

دُکھ دیتی ہیں درد کی راتیں

دن تو خیر گزر جاتے ہیں


فرخ اظہار

No comments:

Post a Comment