Monday, 27 December 2021

تم بھی کن رس نہیں تھے

 تم بھی کن رس نہیں تھے


یاد ہے ایک دوست نے بتایا تھا

کہ وادی سُر لگانے سے

راگنی باطل ہو جاتی ہے

راگنی کے باطل ہونے کا تصور

مجھے بہت ناگوار گزرا تھا

میں بھی ان دنوں

ایک راگنی کے حصار میں تھی

جس میں لگنے والے

سارے سُر کومل تھے

یہ سُر دائیں جانب لہراتے

تو چاروں شانے چِت

دائیں جانب گِر جاتی

بائیں طرف ڈولتے تو

دل پسلیوں سے اُچھل کر

مٹی میں جا رُلتا

نیچے سرکتے تو میں

پاتال میں جا گِرتی

اوپر اُٹھتے تو

آسمان کی جانب اُڑنے لگتی

تب ہی پتہ چلا کہ

لہروں کی سنگت میں

زندگی گزارنا کتنا مشکل ہے

تم بھی کن رس نہیں تھے

میں نے چُپکے سے

راگنی میں وادی سُر لگا دیا

تاکہ جی سکوں

پاؤں زمیں پر ٹکا کر


پروین طاہر

No comments:

Post a Comment