دعا کرو
مِرے لیے دعا کرو
دعا کرو کہ
زندگی کی جنگ ہار جاؤں میں
میرے لیے دعا کرو
دعا کرو کہ
وصل کے نہ دن سہار پاؤں میں
مِرے لیے دعا کرو
کہ خواب ٹوٹ جائیں اور
نہ کرچیاں اٹھاؤں میں
مِرے لیے دعا کرو
دعا کرو کہ ٹوٹ کر
میں جا بجا پڑا رہوں
عداوتوں کی گرد میں
سدا یونہی اٹا رہا ہوں
مِرے لیے دعا کرو
دعا کرو کہ عمر بھر
کبھی سکوں نہ پاؤں میں
خود اپنا دل دُکھاؤں میں
ہمیشہ پاس غم رہیں
کبھی نہ مسکراؤں میں
مِرے لیے دعا کرو
دعا کرو کہ بھول کر
محبتوں کا پل کوئی
قریب ہی نہ آئے اب
نثار جس پہ تھا یہ دل
وہی مجھے رلائے اب
مِرے لیے دعا کرو
دعا کرو نفس نفس
ملیں مجھے وہ زخم اب
جو وقت بھی نہ بھر سکے
رہوں میں ایسی دھوپ میں
کبھی نہ جو اتر سکے
کہاں گئے وہ ہمنوا
سنبھالتے تھے جو مجھے
مِرے لیے دعا کرو
اب عشق ہی نہ ہو مجھے
رہا یہ تجربہ غلط
کہ جو ہوا ہوا غلط
بنا سبب تو کیا بنا
زمیں نہ یہ سما غلط
ہوئی جو رد تو کیوں ہوئی
نہ تھی مری دعا غلط
دیا سبھی نے عشق کا
مجھی کو مشورہ غلط
دکھائی دے رہا ہوں خود
ہے میرا آئینہ غلط
چلا تھا دل کی راہ پر
مگر قدم پڑا غلط
مِرے لیے دعا کرو
دعا کرو کہ قرب کے
یہ گھونٹ اب نہ پی سکوں
تمہارے شہر عشق میں
میں ایک پل نہ جی سکوں
فرخ اظہار
No comments:
Post a Comment