Monday 26 December 2022

نوک سناں پہ عشق ادا کر رہا تھا میں

 نوکِ سِناں پہ عشق ادا کر رہا تھا میں

دشتِ بُتاں میں حمد و ثنا کر رہا تھا میں

نازل ہوئی ہے مجھ پہ قیامت ابھی ابھی

اک شخص تھا کہ جس کو خدا کر رہا تھا میں

نادم ہوں، اے عظیم خدا! مجھ کو بخش دے

اب تک تِری نماز قضا کر رہا تھا میں

کتنے ہی لوگ تھے جو مِری دسترس  سے دور

کتنے ہی پھول تھے جو خفا کر رہا تھا میں

بے ساختہ وہ نام لیا، اور بھُلا دیا

حالانکہ جانتا تھا بُرا کر رہا تھا میں

کارِ جہان، اُس کی گلی، سب کی خیر ہو

کل شب سے بے سبب کی دعا کر رہا تھا میں


داؤد سید

No comments:

Post a Comment