نت نئے دکھ سے پریشان ہوں میں
تُو کہتا ہے کہ رحمان ہوں میں
خود ہی داروغہ، میں خود ہی قیدی
خود ہی احساس کا زندان ہوں میں
خود ہی ملاح، میں خود ہی کشتی
خود ہی بپھرا ہوا طوفان ہوں میں
میں ہوں باہر سے لق و دق صحرا
لیکن اندر سے تو کاغان ہوں میں
مجھ سے برگشتہ جمالِ جاناں
حسن فطرت کا ثنا خوان ہوں میں
فن ہے پتھریلی زمیں کی کھیتی
قریۂ کوہ کا دہقان ہوں میں
شاعری میں ہوں جفا کش اصغر
اور کاموں میں تن آسان ہوں میں
نجم الاصغر شاہیا
No comments:
Post a Comment