Friday, 30 December 2022

وہ بظاہر جو میرے ساتھ رہا کرتا تھا

وہ بظاہر جو میرے ساتھ رہا کرتا تھا

درمیاں فاصلہ کوسوں کا رکھا کرتا تھا

اچھا لگتا تھا اسے مجھ کو بُلانا شاید

وہ بہانے سے میرا نام لِیا کرتا تھا

چکھ لیا اس نے زمانے کی ہوا کو آخر

جو محبت کو عبادت بھی کہا کرتا تھا

کس طرح اس کے خلاف اپنی گواہی دیتا

وہ بُرا ہو گا، مگر میری حیا کرتا تھا

میری یادوں کی حفاظت نہیں کر پایا وہ

اُس کی عادت تھی پرندوں کو رِہا کرتا تھا

میری دِیوار کے سائے میں ٹھہرنے والا

میرے دروازے پہ اک دُھوپ رکھا کرتا تھا

کر دیا خود کو دعاؤں کے حوالے اس نے

جو میرے واسطے دن رات دُعا کرتا تھا

کوئی شکوہ ہی نہیں مجھ کو زمانے سے مراد

جو بھی کرتا تھا میرے ساتھ خدا کرتا تھا


رحمان امجد مراد

No comments:

Post a Comment