Friday, 23 December 2022

میں آئینہ ہوں وہ میرا خیال رکھتی تھی

میں آئینہ ہوں وہ میرا خیال رکھتی تھی

میں ٹوٹتا تھا تو چُن کر سنبھال رکھتی تھی

ہر ایک مسئلے کا حل نکال رکھتی تھی

ذہین تھی مجھے حیرت میں ڈال رکھتی تھی

میں جب بھی ترکِ تعلق کی بات کرتا تھا

وہ روکتی تھی مجھے کل پہ ٹال رکھتی تھی

وہ میرے درد کو چُنتی تھی اپنی پوروں سے

وہ میرے واسطے خُود کا نِڈھال رکھتی تھی

وہ ڈوبنے نہیں دیتی تھی دُکھ کے دریا میں

میرے وجود کی ناؤ اُچھال رکھتی تھی

دُعائیں اُس کی بلاؤں کو روک لیتی تھیں

وہ میرے چار سُو ہاتھوں کی ڈھال رکھتی تھی

اِک ایسی دُھن کہ نہیں پھر کبھی سُنی میں نے

وہ مُنفرد سا ہنسی میں کمال رکھتی تھی

اُسے ندامتیں میری کہاں گوارہ تھیں

وہ میرے واسطے آساں سوال رکھتی تھی

بچھڑ کے اُس سے میں دُنیا کی ٹھوکروں میں ہوں

وہ پاس تھی تو مجھے لازاوال رکھتی تھی

وہ مُنتظر مِری رہتی تھی دھوپ میں شاہد

میں لوٹتا تھا تو چھاؤں نکال رکھتی تھی


شاہد ذکی

خوابوں سے خالی آنکھیں

No comments:

Post a Comment