Thursday, 5 January 2023

جن سے پردہ نہیں ان لوگوں سے پردہ کر کے

 جن سے پردہ نہیں ان لوگوں سے پردہ کر کے

دیکھتی تھی وہ مجھے آئینہ ترچھا کر کے

میں نے اتنی کسی ویرانی کی خدمت کی ہے

مجھ کو یہ بُڑھیا بلانے لگی بیٹا کر کے

خالی خطرے سے نہیں ہے یہ فقیری کی گلی

اک طوائف بھی یہاں رہتی ہے دنیا کر کے

جیسے ہو ویسے دکھاتے نہیں کیوں لوگوں کو

خود کوکیوں پہنے ہوئے پھرتے ہو اُلٹا کر کے

مارنے کے لیے جب آئی چراغوں کو ہوا

کچھ چراغوں نے مدد کی تھی اجالا کر کے

مصر کی تخت نشینی سے ذرا سا پہلے

آخری امتحان آتا ہے زلیخا کر کے

میں نہیں کہتا تھا تم مجھ سے ملو میرے سمیت

کیا ملا ہے تمھیں مجھ سے مجھے منہا کر کے

ہے بس اک کال کی دوری پہ یہ دنیا لیکن

توڑ دیتا ہوں میں ہرروز ارادہ کر کے

ہوگئی بڑھ کے توقع سے تشفّی میری

اتنا مشہور ہوا وہ مجھے رسوا کر کے

اس کو اتنا بھی نہ تم سر پہ چڑھاؤ جانی

پھینک جائے گی جوانی تمھیں بوڑھا کر کے

قدر بڑھتی نہیں ارمان کسی یوسف کی

جب تلک بھائی نہیں بیچتے سستا کر کے


علی ارمان

No comments:

Post a Comment