Sunday, 8 January 2023

اس کے بدن کا لمس ابھی انگلیوں میں ہے

  اس کے بدن کا لمس ابھی انگلیوں میں ہے

خوشبو وہ چاندنی کی مِرے ذائقوں میں ہے

میں سوچ کے بھنور میں تھا جس شخص کے لیے

وہ خود بھی کچھ دنوں سے بڑی الجھنوں میں ہے

اس کا وجود خامشی کا اشتہار ہے

لگتا ہے ایک عمر سے وہ مقبروں میں ہے

میں آسماں پہ نقش نہیں ہوں مگر سنو

اب بھی مِری شبیہ کئی سورجوں میں ہے

میری طرح لبادہ خموشی کا اوڑھ لے

اپنا کیا دھرا ہے جو اب جھولیوں میں ہے

میں کورے کاغذوں کی قطاریں اداس اداس

گزری رُتوں کے دُکھ کی تھکن بادلوں میں ہے

ہر چند کائنات رہی بے کراں مگر

انسان ابتدا ہی سے کچھ دائروں میں ہے


طارق جامی

No comments:

Post a Comment