Tuesday 10 January 2023

دھرتی پہ فلک سے نہ سمندر سے گرا ہوں

 دھرتی پہ فلک سے نہ سمندر سے گِرا ہوں

جھرنے کی طرح میں کسی پتھر سے گرا ہوں

غیروں کی مجال اتنی کبھی ہو نہیں سکتی

لگتا ہے کہ میں اپنوں کی ٹھوکر سے گرا ہوں

اک پھول کی پتی نے جگر کاٹ دیا ہے

شبنم کی طرح میں بھی گل تر سے گرا ہوں

گھر شوق سے جو میں نے بنایا ہے اسی میں

دیوار سے ٹکرایا، کبھی در سے گرا ہوں

جس موڑ پہ تو ساتھ مِرا چھوڑ گیا تھا

میں بھی تو وہیں، تیرے برابر سے گرا ہوں

خالد میں نشے میں ہوں مجھے کوئی بتا دے

اندر سے گرا ہوں کہ میں باہر سے گرا ہوں


خالد کھوکھر

No comments:

Post a Comment