Thursday, 5 January 2023

حادثے پر کتر گئے شاید

حادثے پر کتر گئے شاید

حوصلے دل کے مر گئے شاید

خُود میں ڈُوبے تو یُوں ہُوا محسوس

ہم کنوئیں میں اُتر گئے شاید

سخت لہجے میں گُفتگو ہم سے

دن تمہارے بھی بھر گئے شاید

ناز کرتی تھیں جن پہ تلواریں

شاخِ گُل سے وہ ڈر گئے شاید

آندھیوں کی مُراد بر آئی

آشیانے بِکھر گئے شاید

جب محبت کی قدر ہوتی تھی

وہ زمانے گُزر گئے شاید

آئے تھے پُھول بانٹنے والے

آگ ہاتھوں پہ دھر گئے شاید

جو اندھیروں میں چُھپ کے بیٹھے ہیں

وہ اُجالوں سے ڈر گئے شاید


ظہیر عالم​

No comments:

Post a Comment