Tuesday, 13 June 2023

گھر بار کسی اور کا مختار کوئی اور

 گھر بار کسی اور کا مختار کوئی اور

دربار کوئی اور ہے سرکار کوئی اور

مالک وطن کے ہم ہیں بِلا شرکتِ غیرے

کیوں ہم پہ چلاتا ہے اختیار کوئی اور

اونچے پہاڑ چار سُو، ناکے قدم قدم

ہم سا نہیں جہاں میں گرفتار کوئی اور

ہم اس طرح جڑے ہوئے ہیں ملکِ پاک سے

جیسے قمیض اور ہو، شلوار کوئی اور

حالات و واقعاتِ شہر اور ہی کچھ ہیں

لیکن خبر بناتے ہیں اخبار کوئی اور

ہر بار ٹال دیتے ہو وعدہ وعید سے

تجھ سا کہیں دیکھا نہیں مکّار کوئی اور

قاتل تو اور تھا مگر بدلے کے طور پر

مارا گیا ہے پھر سرِ بازار کوئی اور

میں اس کو منافق نہیں تو اور کیا کہوں

واعظ کا قول اور ہے کردار کوئی اور

کتنا عجیب ہے یہاں رائج نظامِ عدل

مجرم ہے کوئی اور سزاوار کوئی اور

دشمن ہمیں لڑا رہا ہے اس لیے بہم

ایسا تباہ کُن نہیں ہتھیار کوئی اور

ایسے بھی ہیں یہاں کئی شاعر و شاعرات

لکھتے ہیں جِن کے واسطے اشعار کوئی اور

شاعر ہوں لڑ رہا ہوں میں ہر ظلم کے خلاف

ہاتھوں میں ہے مِرے مگر ہتھیار کوئی اور

درد و غمِ وطن میں فنا ہو چکے ہو تم

تجھ سا نہ ہو گا شاہد وطن یار کوئی اور


شاہد حسین

No comments:

Post a Comment