Monday, 12 June 2023

جلوۂ حق سے ہے پر نور فضا آج کی رات

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت سلام


جلوۂ حق سے ہے پُر نُور فضا آج کی رات

چھائی ہر سمت ہے رحمت کی گھٹا آج کی رات

آج عالم میں مسرّت کا عجب عالم ہے

عید کے دن سے ہے کچھ اور سِوا آج کی رات

عید کے دن سے نہ کیوں آج کی شب افضل ہو

وصل خالق کا محمدﷺ کو ہوا آج کی رات

اسی شب میں کُھلے اسرارِ حقیقت شہہ پر

در گنجینۂ عرفاں ہوا وا آج کی رات

اُدْنُ مِنّی کی صدا آئی اسی شب شہہ کو

پہنچے حضرتؐ جو سرِ عرشِ خدا آج کی رات

قاب قوسین و مازاغ سے معلوم ہوا

عبد و رب میں کوئی پردہ نہ رہا آج کی رات

آپؐ نے حق سے جو کچھ آج طلب فرمایا

اس سے کچھ اور فزوں حق سے ملا آج کی رات

نہ ملا ہے نہ ملے گا یہ کسی کو رُتبہ

شاہِ کونینﷺ کو رُتبہ جو ملا آج کی رات

جوش پر رحمتِ باری کا ہے دریا اس دن

چل رہی ہے کرمِ حق کی ہوا آج کی رات

رحمتِ حق کا تقاضا ہے جو چاہو مانگو

کہ مِرے فضل کا دروازہ ہے وا آج کی رات

کر لے محمود طلب جو تجھے کرنا ہے طلب

کہ ہے مقبول جو کی جائے دعا آج کی رات


سید ابوالفضل محمود قادری

No comments:

Post a Comment