Wednesday, 14 June 2023

اپنی رفتار کا انداز بدل کر دیکھو

 اپنی رفتار کا انداز بدل کر دیکھو

خود سے دو چار قد آگے نکل کر دیکھو

آسماں چُھونا کچھ ایسا بھی نہیں ہے مُشکل

اپنی دھرتی سے ذرا اونچا اُچھل کر دیکھو

وسعتیں راستوں میں آنکھیں بچھائے کھڑی ہیں

ذات کے خول سے باہر تو نکل کر دیکھو

پکے رستے سے اُتر کر کسی پگڈنڈی پر

گِر کے دیکھو تو کبھی خود کو سنبھل کر دیکھو

پیر و مُرشد کوئی رستے پہ نہ لائے تم کو

کوئی دن اپنے تفکّر پہ عمل کر دیکھو

ہر قدم دیکھتے رہتے ہو رہِ ہمسفراں

اپنے ہمراہ کبھی تھوڑا سا چل کر دیکھو

برف موسم کے پرندے ہو تمہیں کیا معلوم

کبھی ٭قُقنُوس کی مانند بھی جل کر دیکھو

دوسروں سے رکھے رہتے ہو اُمیدیں جُھوٹی

خود سے بہلاؤ، کبھی خود سے بہل کر دیکھو

یہاں من مرضی کا سانچہ نہیں ملتا بے تاب 

اپنی اوقات کے سانچے میں ہی ڈھل کر دیکھو


پرتپال سنگھ بیتاب

٭قُقنُوس: یونانی دیو مالائی قصے کہانیوں میں پایا جانے والا ایک خوبصورت پرندہ جس کے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ500 سال سے زیادہ عرصے تک زندہ رہنے کے بعد اپنے آپ کو جلا کر خاک کر دیتا تھا اور پھر اسی آگ سے انڈے کی شکل اختیار کر کے دوبارہ جنم لیا کرتا تھا۔

*Quqnoos: (Phoenix or Phenix)

No comments:

Post a Comment