کالی رات کے نفوس
یہ ایک ایسی کالی رات ہے
جس کی صبح نہیں
ہم کسی ایسے اساطیری سُرنگ سے گزر رہے ہیں
جہاں دور دور تک روشنی آتی نہیں نظر
ہر طرف گُھپ اندھیرا ہے
ہم ٹرین کی بوگیوں میں ڈرے سہمے بیٹھے ہوئے ہیں
روشنی کی کوئی کرن باہر نہ جانے پائے
ہلکی سی روشنی کی چمک پر
اندھیرے کا کوئی غیر مرئی ہاتھ
اچانک آگے بڑھ کر ہم میں سے کسی کو بھی باہر کھینچ لیتا ہے
اور وہ گھپ اندھیرے کا
نیتانت اندھکار کا حصہ بن جاتا ہے
ہمارے کئی ساتھی
ادیب، شاعر اور صحافی
اس کا لقمہ بن چکے ہیں،
راہی ملکِ عدم ہو چکے ہیں
جو ایک بار
اس کے چنگل میں پھنس گیا
وہ پھر کبھی لوٹ کر واپس نہیں آیا
اندھیرا طوفانی رفتارسے ہماری طرف بڑھ رہا ہے
اس کی آسیب نماسونامی لہریں
اپنی گزشتہ لہروں سے زیادہ تیز تر ہوتی جا رہی ہیں
ہم جو کبھی آزاد پنچھی ہوا کرتے تھے
ہوا سے باتیں کیا کرتے تھے
اپنے اپنے قرنطینہ میں بند
گھر گویا چڑیوں کا پنجرہ ہو گیا ہے
اور ہم وہاں اسیر شدہ
سہمے ہوئے خوف کے سائے میں
اپنی باری کے انتظار میں
گھبرائے ہوئے
ہجوم سے کترائے ہوئے
نیم جاں و نا تواں
بیٹھے اپنوں کی موت کا نوحہ پڑھتے پڑھتے تھک گئے ہیں
یہ اندھیرا، آکسیجن جس کی خوراک ہے
وہ انسانوں کے جسم سے
بادِ حیات کا ایک ایک بلبلہ نچوڑ لیتا ہے
آن کے آن میں آدمی کو
مردہ بنا کے چھوڑ دیتا ہے
صبح روشنی کی طلب میں نکلا،جیتا جاگتا انسان
شام ہوتے ہوتے
زندگی سے روٹھ جاتا ہے
زندگی سے منہ موڑ لیتا ہے
ہم ایک نیتانت اندھکار سے گزر رہے ہیں
یہ ایسی طویل رات ہے کہ ختم ہونے کا نام تک نہیں لے رہی ہے
ہم گھپ اندھیرے کا ایک ایک کر کے حصہ بنتے جارہے ہیں
ہم کہ بے بس و لاچار
ہمارے پاس اس سے مقابلہ کرنے کے لیے
نہیں ہے کوئی ہتھیار
اقتدار پر قابض شاطر اور مکار
ہم معصوم عوام سے کر رہے ہیں بیوپار
سیاست، تجارت، مملکت
سبھی ہوگئیں یکلخت، رفتہ از کار
سبھی بغلیں جھانک رہی ہیں
ہم سب کسی ایسے اساطیری سرنگ سے گزر رہے ہیں
جہاں دور دور تک روشنی آتی نہیں نظر
یہ ایک ایسی کالی رات ہے
جس کی صبح نہیں
پرویز شہریار
No comments:
Post a Comment