Saturday, 17 June 2023

شان در محبوب خدا اور ہی کچھ ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت سلام


شانِ درِ محبوبِﷺ خدا اور ہی کچھ ہے

دربارِ محمدﷺ بخدا اور ہی کچھ ہے

چھائی ہوئی ہیں رحمتِ باری کی گھٹائیں

اس شہرِ محبت کی فضا اور ہی کچھ ہے

دے دیتے ہیں سائل کو زباں کھلنے سے پہلے

سرکارﷺ کا اندازِ عطا اور ہی کچھ ہے

جب ان پہ نظر پڑتی ہے یاد آتے ہیں آقا

عشاقِ محمدﷺ کی ادا اور ہی کچھ ہے

ہیں دونوں جہاں اس کی تجلّی سے منوّر

خورشیدِ نبوتﷺ کی ضیا اور ہی کچھ ہے

جابر نے کہا دیکھا جو حسنِ مہِ کامل

حسنِ شہِ لولاکﷺ لما اور ہی کچھ ہے

جنت تو جزا ہے عملِ نیک کی، لیکن

عشقِ شہِؐ طیبہ کا صِلہ اور ہی کچھ ہے

دم ٹوٹے تو انﷺ کے قدمِ ناز پہ ٹوٹے

یوں مرنے کا محمود مزا اور ہی کچھ ہے


سید ابوالفضل محمود قادری

No comments:

Post a Comment