Thursday, 15 June 2023

جانے والے نے کبھی مڑ کے جو دیکھا ہوتا

 جانے والے نے کبھی مڑ کے جو دیکھا ہوتا

لوٹ آنے کا ہمیں کوئی بھروسہ ہوتا

مجھ سے کرتا نہ کوئی بات بچھڑنے والی

مِرے جذبوں کو اگر اس نے بھی سمجھا ہوتا

یہ تو معلوم تھا، اک روز چلا جائے گا

گر بتا کر وہ چلا جاتا, تو اچھا جاتا

اس کو پڑھ کر وہ کوئی پل کے لیے رک جاتا

کسی در پر جو مِرے نام کا کتبہ ہوتا

میں سمو لیتا تمہیں خود میں سمندر کی طرح

تُو بیاباں یا کوئی آگ کا دریا ہوتا

پھر تو ہونا تھا اندھیرا ہی اندھیرا ہر سُو

رب نے جو نورِ محمدﷺ نہ اتارا ہوتا

دربدر پھرتا نہ دنیا میں میں یتیموں کی طرح

سر پہ ماں باپ کی شفقت کا جو سایہ ہوتا

میں نے مانا کہ کٹھن تھا یہ بھی رستہ لیکن

میں جو اب کے بھی نہ آتا، اسے صدمہ ہوتا

وہ مسرت سے خفا ہوتا ہے جانے کیوں کر

کہیں ملتا تو بڑے مان سے پوچھا ہوتا


مسرت عباس ندرالوی

No comments:

Post a Comment