Tuesday, 25 July 2023

تمام خلق کا خدمت گزار ہے پانی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت سلام


تمام خلق کا خدمت گزار ہے پانی 

رگوں میں خون بدن میں نکھار ہے پانی 

گلوں میں حسن چمن میں بہار ہے پانی 

نمو کی بزم میں پروردگار ہے پانی 

نگاہ خلق سے غائب جو ہے فضاؤں میں 

امام غیب کا بھرتا ہے دم ہواؤں میں 

بفطرت ازلی بے غبار ہے پانی 

جمال قدس کا آئینہ دار ہے پانی 

فضا میں خالق ابر بہار ہے پانی 

زمیں پہ رحمت پروردگار ہے پانی 

یہ آب و رنگ یہ سب رنگ وبو ہے پانی سے 

عروس خاک! تری آبرو ہے پانی سے 

کہیں یہ اشک کا گوہر کہیں درشبنم 

کہیں خوشی کا ہے آنسو کہیں ہے گریہ غم 

خوشا لطافت آب و خوشا طہارت یم 

بہشت میں ہے یہ تسنیم خاک پرزمزم 

یہ پاک ساقی کوثر کے انتساب سے ہے 

کہ جیسے خاک کی تطہیر بوتراب سے ہے


نسیم امروہوی

No comments:

Post a Comment