Tuesday, 1 August 2023

مری تو خود سے منہ ماری ہوئی ہے

 مری تو خود سے منہ ماری ہوئی ہے

تری آواز کیوں بھاری ہوئی ہے

تُو کن لوگوں میں اُٹھتا بیٹھتا ہے

تِری تو سوچ بھی ہاری ہوئی ہے

تمہارے جسم سے کیا مَس ہوا میں

جو میرے دل کو سرشاری ہوئی ہے

دُھلی ہے شک کے صابن سے یقیناً

جو چادر سُوکھ کر بھاری ہوئی ہے

اذاں کے ساتھ کوئی یاد اُبھری

سو چشمِ نم سے افطاری ہوئی ہے

پرندوں نے دِکھائے ہاتھ، لیکن

درختوں کی گرفتاری ہوئی ہے

ہمارے خواب کوئی لے اُڑا ہے

ذرا سی نیند کیا طاری ہوئی ہے

کسی کے ہو کے بھی اپنے رہے ہیں

یہی ہم سے سمجھداری ہوئی ہے

مجھے لگتا ہے وہ جعلی ہے، راجا

جو مجنوں کو سند جاری ہوئی ہے


اویس راجا

No comments:

Post a Comment