Monday, 7 August 2023

اب چھوڑ دو یہ جان کا جنجال دوستو

 اب چھوڑ دو یہ جان کا جنجال دوستو

دو چار سن لو پیار کے اقوال دوستو

اک اور خالی تھال سجا لیں گے لوگ یہ

بھر جائے خواہشوں کا جب اک تھال دوستو

قسموں پہ ان کی کرنا نہ ہرگز یقین تم

رکھیں گے وا یہ روزن ابطال دوستو

تم رکھنا نگاہ کھول کے ان شاطروں کے بیچ

چلنے لگے گا وقت نئی چال دوستو

پھر اوڑھ لیں گے ایک دن تم دیکھنا یہ لوگ

دھوکہ دہی کی پھر نئی اک شال دوستو

اب اور جی کو کتنا جلاؤں دکھاؤں راکھ

اب اور کیا سناؤں میں احوال دوستو

فن کا سفر رواں ہے رہے گا سدا رواں

ڈھلتی رہیں گی پھر نئی اشکال دوستو


عمران اسد

No comments:

Post a Comment