زمانہ پوچھ رہا ہے مِرے سخن کا جواب
ریاضتیں بھی ہیں لیکن عطا ہے فن کا جواب
کوئی تو شہر سے تھک ہار کر بھی آئے گا
یہی ہے گاؤں کا جنگل کا اور بن کا جواب
ہمیں تو بس تِری باتوں میں آنا ہوتا ہے
ہمارے فہم میں اتنا ہے بھولے پن کا جواب
یہ جسم امرِ الہی کا ظرف ہوتا ہے
تم اپنی سمت سے دینا نہ کچھ بدن کا جواب
کچھ اس لیے بھی ہوں میں انتظارِ صبح لیے
اندھیر ہی نے فراہم کیا کرن کا جواب
حسین شوق سے ماتھے پہ بل نہیں لائے
کہیں کہیں پہ شکن ہی تو ہے شکن کا جواب
حسین فرید
No comments:
Post a Comment