Tuesday 8 August 2023

محبت اپنا اظہار کر لیتی ہے

 محبت اپنا اظہار کر لیتی ہے

سُولی پہ چڑھ کے 

کھال کھینچ کر  

پہاڑ سے کُود کر 

یا سمندر میں ڈُوب کر 

محبت اپنا  اظہار کر لیتی ہے 

کسی کا کُرتا کھینچ کے 

جنگ لڑ کر یا محل بنا کر 

یا  پھر کسی کا غلام بن کے

محبت اپنا اظہار کر لیتی ہے 

رو کر، ترنم سے، گُھنھگرو باندھ کر 

یا دیوار میں چُن کر

محبت اپنا اظہار کر لیتی ہے 

نس کاٹ کر، درخت سے جھول کر 

یا پنکھے سے لٹک کر

دِیا جلا کر، دھاگہ باندھ کر 

منت مانگ کر یا جوگی بن کر 

محبت اپنا اظہار کر لیتی ہے 

خُون سے لکھے خط سے 

ماس پر کُھدے نام سے 

چُوڑیوں اور چین سے

کتابوں اور پُھولوں سے

یا اچھی خوشبو بھیج کر   

محبت اپنا اظہار کر لیتی ہے 

میسج پر کال پر یا وڈیو لنک سے  

محبت اپنا اظہار کر لیتی ہے

 لگژری فلیٹ، قیمتی کاروں

بیش قیمت زیور، اچھے فون 

اور ڈھیر ساری آسائش سے 

محبت اپنا اظہار کر لیتی ہے 

گولی سے، گالی سے یا تھپڑ سے

مگر یہ کس نے؟ محبت کے نام پر 

انسانی جبلّت کی آڈیو وڈیو 

چوراہے میں ٹانک دیں  

محبت پہ گالی کی بدعت ایجاد کی 

کس نے حضرت انسان کو 

نظر انداز کرنے کا جُرم کیا

محبت اک تاریخ رکھتی ہے 

اور تاریخ کبھی معاف نہیں کرتی

وہ نفرت سیکھ جاتی ہے  

محبت اپنا اظہار کر لیتی ہے 


راشد امام

No comments:

Post a Comment