Sunday, 15 October 2023

آج یا کل نہیں ہونے والے

 آج یا کل نہیں ہونے والے

مسئلے حل نہیں ہونے والے

اب تِرے حسنِ جنوں خیز سے بھی

لوگ  پاگل نہیں ہونے والے

کام آغاز ہوئے ہیں ایسے

جو مکمل نہیں ہونے والے

غم کی عادت سی ہوئی ہو جن کو

غم سے بوجھل نہیں ہونے والے

ان سے خوشبو کی امیدیں کیسی

سنگ صندل نہیں ہونے والے

اب تو شہروں میں جڑیں ہیں ان کی

ختم جنگل نہیں ہونے والے

خاک بن کر ہی اڑیں گے باقی

اڑ کے بادل نہیں ہونے والے


باقی احمد پوری

No comments:

Post a Comment