عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
مجھے آقاﷺ سے نِسبت ہو گئی ہے
نظر سے ساری دنیا کھو گئی ہے
لگی تھی جو جھڑی اشکوں کی کل شب
وہ فصلِ حُبِ احمدﷺ بو گئی ہے
ضیا اُبھری ہے عشقِ مصطفیٰﷺ کی
مِری تیرہ نصیبی سو گئی ہے
چڑھی تھی جو ہوس کی تیز آندھی
چٹانوں میں وفا کی کھو گئی ہے
وہی ہے راہ میری زندگی کی
یہاں سے سُوئے طیبہ جو گئی ہے
سیاہی تھی مِری لوحِ عمل پر
اسے موجِ شفاعت دھو گئی ہے
ہے طاعت بھی شہِ یثربؐ کی لازم
محبت میں جو شِدت ہو گئی ہے
لالۂ صحرائی
چوہدری محمد صادق
No comments:
Post a Comment