Wednesday 1 November 2023

دیا کوئی جلا کر دیکھتے ہیں

 دِیا کوئی جلا کر دیکھتے ہیں

ہوا کا منہ چِڑا کر دیکھتے ہیں

اندھیرا جو اُجالے میں بدل دے

اُسی کو ہم بُلا کر دیکھتے ہیں

مزاجِ آتشی دل کا بدل دیں

طبیبوں کو بُلا کر دیکھتے ہیں

کہاں لیلائے فن پردہ نشیں ہے

چلو! پردہ اُٹھا کر دیکھتے ہیں

ہمیشہ غم چشیدہ ہی رہے ہیں

چلو اب مُسکرا کر دیکھتے ہیں

پلٹ سکتی ہے کایا کاوشوں سے

ہُنر یہ آزما کر دیکھتے ہیں

سخن فہمی اسے مرغوب ہے تو

اسے غزلیں سُنا کر دیکھتے ہیں

ہے کیسی کیفیت ان دل جلوں کی

ذرا دل کو جلا کر دیکھتے ہیں

وہ کتنا نُکتہ بِین و نُکتہ داں ہے؟

نئے نُکتے اُٹھا کر دیکھتے ہیں

گریباں چاک رکھا ہے برابر

گریباں اب سِلا کر دیکھتے ہیں

بُجھے گی آگ پانی سے بھلا کب؟

چلو پھر پی پلا کر دیکھتے ہیں

حسینوں کی فسانہ ساز فطرت

فسانوں میں سجا کر دیکھتے ہیں

قسم بے گانگی کی جس نے کھائی

اسے اپنا بنا کر دیکھتے ہیں

مِری پُونجی یہ رُشحاتِ قلم ہیں

جسے سب گُنگنا کر دیکھتے ہیں

دلِ تِیرہ میں ثاقب آؤ پھر سے

نئی شمعیں جلا کر دیکھتے ہیں


عباس علی شاہ ثاقب

No comments:

Post a Comment