Tuesday, 14 November 2023

تڑپتے دل کو کافی ہے بس اتنا واہمہ رکھنا

 تڑپتے دل کو کافی ہے بس اتنا واہمہ رکھنا

بچھڑنے والا لوٹے گا ہمیشہ حوصلہ رکھنا

چلے جائیں گے ہم بھی دوستو دُنیائے فانی سے

فقط اتنی گُزارش ہے، دُعا کا سلسلہ رکھنا

کہ ہم بدبخت لوگوں میں بس اک یہ ہی بُرائی ہے

دُعائیں دیر سے لگتی ہیں جانی حوصلہ رکھنا

تمہیں خُوشیاں مبارک ہوں ہمارے غم زیادہ ہیں

تمہیں تلقین ہے اتنی کہ ہم سے فاصلہ رکھنا

کہ پانی جتنا گدلا ہو بُجھا دیتا ہے آتش کو

ہمارے جیسوں سے بھی یار تھوڑا واسطہ رکھنا

بچھڑ کر تم کہِیں مِلنا تو ہنس کر بات کر لینا

بجُز اس کے نہیں کوئی ہمیں بھی رابطہ رکھنا


عظیم کامل

No comments:

Post a Comment