Wednesday, 15 November 2023

یہ کام کر کے دکھایا ہے میں نے چھو کے اسے

 یہ کام کر کے دِکھایا ہے میں نے چُھو کے اُسے

بشر، خدا سے بنایا ہے میں نے چھو کے اسے

کہ دیکھ! آپ ہی قسمت بنانی پڑتی ہے

ہزار بار بتایا ہے میں نے چھو کے اسے

قسم خدا کی اگر اس بدن کی خواہش ہو

بس اپنا مان بڑھایا ہے میں نے چھو کے اسے

اُسی کو یاد کیا آج اُس کے ہوتے ہوئے

اُسی کا ہجر منایا ہے میں نے چھو کے اسے

وگرنہ ایک بھی شاعر نہیں تھا پُرکھوں میں

یہ سارا کھیل رچایا ہے میں نے چھو کے اسے

اِسے میں ہجر کے مُشکل دنوں میں پہنوں گا

جو ایک نقش بنایا ہے میں نے چھو کے اسے

ہمیشہ خیر پڑی پیر پیر پر ساحر

کوئی قدم جو اُٹھایا ہے میں نے چھو کے اسے


جہانزیب ساحر

No comments:

Post a Comment