Friday, 17 November 2023

کس قدر ذات ہوئی آپ کی ذیشان حضور

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


کس قدر ذات ہوئی آپؐ کی ذیشان حضورﷺ

آپ کی مدح میں مصروف ہے قرآن حضورﷺ

دیجیے طرز ثناء، صدقۂ حسانؓ حضورﷺ

نعت گوئی کا ہے دل میں مِرے ارمان حضورﷺ

مجھ سے ناچیز کو ہے آپ کی امت میں رکھا

مجھ پہ یہ رب دو عالم کا ہے احسان حضورﷺ

آپﷺ کی عظمت و رفعت کا بیاں کیا ہو گا

مرحبا آپ ہوئے عرش کے مہمان حضورﷺ

آپﷺ کے در کا بھلا کیا ہے مقام و رتبہ

جس کے ہیں، حضرت جبریلؑ بھی دربان حضورﷺ

ہو بھلا موج بلا کا اسے کیوں کر خطرہ

آپ ہیں کشتئ امت کے نگہبان حضورﷺ

آپ کے دم سے ہے باقی مری ہستی کا وقار

آپ ہی تو ہیں مری جان کی بھی جان حضورﷺ

یہ نہیں کرتا ہے غیروں کی قصیدہ خوانی

آپ کا، راحت خستہ ہے ثنا خوان حضورﷺ


راحت انجم

No comments:

Post a Comment