Wednesday, 1 November 2023

ہر دعا بااثر نہیں ہوتی

 ہر دُعا بااثر نہیں ہوتی

ہر دوا کارگر نہیں ہوتی

دل کو تسخیر کرنے والوں کی

معجزوں پر نظر نہیں ہوتی

بُوئے اخلاص سے جو عاری ہو

دوستی معتبر نہیں ہوتی

جو اندھیروں کو گود میں لے لے

وہ سحر تو سحر نہیں ہوتی

جس جگہ راج ہو تصنع کا

سادگی پھر ادھر نہیں ہوتی

دن کی ہر اک بلا ٹلی سر سے

منزلِ شب ہی سر نہیں ہوتی

ان کو ٹھوکر ضرور لگتی ہے

جن کی نیچے نظر نہیں ہوتی

ایک عالم سے باخبر دیکھا

جس کو اپنی خبر نہیں ہوتی

اِبنِ مریم کی پھر ضرورت ہے

پھر دوا کارگر نہیں ہوتی

میری نظروں سے رہ نہیں گزری

یاد ان کی جدھر نہیں ہوتی

عشق ہوتا نہ گر زمانے میں

حسن کی یہ قدر نہیں ہوتی

یاد آئی کسی کی شِدت سے

ورنہ یوں آنکھ تر نہیں ہوتی

بے خبر کو بھی تھی خبر لیکن

با خبر کو خبر نهیں ہوتی

جن کے گھر میں چراغ ہو مفتی

تیرگی ان کے گھر نہیں ہوتی


ایاز مفتی

No comments:

Post a Comment