Saturday 18 November 2023

ہوائے دوست میں فکر صراط کیا کرتے

 ہوائے دوست میں فکرِ صراط کیا کرتے

زمیں پہ پاؤں نہ تھے احتیاط کیا کرتے

شراب نام ہے خود ساختہ تغافل کا

خرد کو آگ لگی تھی نشاط کیا کرتے

جو ہم نشیں تھے گُل و خار کہہ دیا، ہمسر

فریبِ عہد ہے یہ، بے بساط کیا کرتے

قدم قدم پہ نئے گُل کُھلا رہی ہے ہوس

حیا سے گڑ گئے ہم انبساط کیا کرتے

رچائے بیٹھے ہیں ہو موڑ پر جو عشق کا ڈھونگ

جُنوں کو عقل سے کیا ارتباط کیا کرتے

گِراں ہیں گوش، نظر میں ضرر، خِرد میں فساد

تلاشِ طُور، دمِ انحطاط کیا کرتے

خمیرِ نُورِ ولایت ہے ان کی طینت میں

پھر آب و گل سے رشید اختلاط کیا کرتے


رشید ترابی

No comments:

Post a Comment