Wednesday, 13 December 2023

مداح ہوں میں دل سے محمد کی آل کا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


مداح ہوں میں دل سے محمدﷺ کی آلؑ کا

مشتاق ہوں وصیٔ نبیﷺ کے جمال کا

خواہاں گُہر کا ہوں نہ میں طالب ہوں لال کا

مُشتاق ہوں تمہارے دہن کے اُگال کا

دیکھو تو ایک جا پہ ٹھہرتی نہیں نظر

لپکا پڑا ہے آنکھ کو کیا دیکھ بھال کا

کیا انؐ سے فیض پہنچے جو خود تیرہ بخت ہیں

کِھلتے نہ دیکھا ہم نے کبھی پُھول ڈھال کا

ہم ہیں فقیر، دولت دُنیا سے کام کیا

بہتر ہے جامِ جَم سے پیالہ سفال کا

دانہ دِکھا کے دام میں عنقا کو لاؤں گا

مضمون لکھ رہا ہوں تِرے خط و خال کا

سو جان سے فدا ہوں محمدﷺ کے نام پر

جس نے بتایا فرق حرام و حلال کا

مُٹھی کو کھول کر یدِ بیضا دِکھاتے ہیں

ناخن پہ انؐ کے ہوتا ہے دھوکا ہلال کا

شاعر غضب کے ہوتے ہیں ہرگز نہ چوکتے

موقع نہیں دہن میں تِرے قِیل و قال کا

تاریکیٔ لحد سے کچھ آغا نہ خوف کر

دامن ہے تیرے ہاتھ میں زہراؑ کے لال کا


آغا اکبرآبادی

No comments:

Post a Comment