Friday, 1 December 2023

کبھی تو تاریخ کی عدالت میں تم بھی آؤ گے ہم بھی آئیں گے

 تاریخ کی عدالت


ہمارے ادراک کی صداقت

تمہارے الزام کی نجابت

کبھی تو تاریخ کی عدالت میں پیش ہو گی

حلف اُٹھانے کی رسم سے بے نیاز لمحے

تمام مفلوج عدل گاہوں کی مصلحت کیش بے زبانی

لہُو فروشی کے کُل دلائل

دفاترِ مُنصفی پر تحریر کر رہے ہیں

کبھی تو تاریخ کی عدالت میں

تم بھی آؤ گے

ہم بھی آئیں گے

تم اپنے سارے حلیف لانا

قصیدہ خوانوں کا مجمعِ بے ضمیر لانا

خمیدہ سر مصلحت پسندی کے زہر آلود تیر لانا

تم اپنی مانگی ہوئی شکستہ سی تیغ لانا

صلیب لانا، اذیتوں کے نصاب لانا

ہر ایک مقتل میں دفن شعلوں کی راکھ لانا

ہر ایک پُشتِ بشر پہ تحریر وحشتوں کی لکیر لانا

کبھی تو تاریخ کی عدالت میں

تم بھی آؤ گے، ہم بھی آئیں گے

ہم اپنے ہمراہ زندہ لفظوں کے پُھول لے کر

ہر ایک دامن کی دھجیوں کی دھنک میں

پوشیدہ زندگی کے اصول لے کر

ہزارہا سر کشیدہ کِرنوں کا نُور لے کر

تمام بہنوں کے آنچلوں کا وقار لے کر

تمام ماؤں کی لوریوں کا مزار لے کر

یتیم پلکوں کی شبنمی آرزوؤں کا سوز لے کر

ہم اپنی ان بیٹیوں کی مانگوں کا حُسن لے کر

کہ جن کی سِیندور کو کُھرچ کر

تم آج بارُود کی سُرنگیں بِچھا رہے ہو

ہم اپنی دھرتی کے ذرے ذرے میں

شعلہ افشاں جلال لے کر

ضرور آئیں گے

جلد آئیں گے

وہ دَور اب دُور تو نہیں ہے

کہ وقت جب مُنصفی کرے گا

کبھی تو تاریخ کی عدالت میں

تم بھی آؤ گے

ہم بھی آئیں گے


حسن حمیدی

No comments:

Post a Comment