Tuesday, 23 January 2024

شان عالی آپ کی رب کے پیمبر یا نبی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


شان عالی آپ کی رب کے پیمبر یا نبیﷺ

آپﷺ نبیوں میں بڑے محبوبِ داور یا نبیؐ

رات دنِ روضے کا پھیرا میں لگاتا جھوم کر

کاش ہوتا میں مدینے کا  کبوتر یا نبیؐﷺ

ہند سے پرواز کرتا میں مدینے کی طرف

میرے بازو میں جو لگ جاتا کبھی پر یا نبیؐ

سبز گنبد کا کیا دیدار جب سے خواب میں

میری آنکھوں سے نہیں ہٹتا وہ منظر یا نبیؐ

ہر گھڑی کرتا نظارہ گنبدِ خضریٰ کا میں

شہرِ طیبہ میں جو ہوتا میرا بھی گھر یا نبیؐ

دور رہ کر آپ کے در سے نہ مر جاؤں کہیں

فکر جو مجھ کو ستاتی ہے یہ اکثر یا نبیؐ

معجزوں میں معجزہ یہ بھی ہے اک سرکارؐ کا

کہہ اٹھا بو جہل کی مٹّھی میں کنکر  یا نبیؐ

جو کہ ہے حسنینؑ کا بابا خدا کا شیر ہے

اُس کے آگے کیا ہے پھر یہ بابِ خیبر یا نبیؐ

میں کرونگا حشر میں سرکارؐ سے یہ التماس

دستِ رحمت سے پلائیں آبِ کوثر  یا نبیؐ

اِس لٸے میلاد کی محفل سجاتا ہوں سدا

 آپ آتے ہیں مدینے سے مرے گھر یا نبیؐ

آپ جب بخشش کے ضامن بن کے آئے ہیں حضور

پھر ستائے کیسے مجھ کو خوفِ محشر یا نبیؐ

ہے دعا میری مِرا مدفن بقیعِ پاک ہو

روح نکلے سامنے ہو آپ کا در یا نبیؐ

آپ کی نعتوں کے صدقے ہی مری پہچان ہے

ورنہ میں ہوں ایک معمولی سُخنور یا نبیؐ

ماہِ رمضاں اور مدینے کا صحن افطاریاں

ہو عطا کو یہ کبھی موقع میسر یا نبیؐ


عامر عطا

No comments:

Post a Comment