Tuesday 6 February 2024

عکس جنت کا نبئ پاک کا دربار ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ہم سے آشفتہ سرا کو دل سے  یہ اقرار ہے

عکس جنت کا نبئ پاکﷺ کا دربار ہے

اس کی آنکھیں قیمتی ہر شے سے بڑھ کر ہیں جناب

جس کی آنکھوں کو بھی حاصل آپؐ کا دیدار ہے 

چودہ سو سالوں سے جس پہ ناز ہے اس دہر کو 

وہ خدا کا نیک بندہ سید ابرارﷺ ہے

کہہ رہی ہے یہ سسک کر آج پھر انسانیت

آپﷺ سے اچھا نہ دنیا میں کوئی غمخوار ہے

با خدا وہ خوبصورت اور حسیں ہے دوستو

جس کسی کا دل نبیؐ کے عشق سے سرشار ہے

کہہ رہا ہے دیکھیے خود ہی خدا قرآن میں 

خیر امت سے ملقب امت سرکارﷺ ہے

آپ سے بڑھ کر جہاں میں کچھ نہیں ہے باخدا

جان و دل سے آپﷺ پر میرا فدا گھر بار ہے

ہو طلب دولت کی جن کو ان کو دولت دے خدا 

میری تو خواہش مِرے محبوبؐ کا بس پیار ہے 

اس کے دل میں کب شفا کی ہو گی اے کاظم طلب 

جو محمد مصطفٰےﷺ کے عشق میں بیمار ہے


کاظم شیرازی

No comments:

Post a Comment