Friday, 17 May 2024

اس کو پانا کبھی آسان کہاں ہوتا ہے

 اس کو پانا کبھی آسان کہاں ہوتا ہے

عشق میں وصل کا امکان کہاں ہوتا ہے

دل سے نکلوں بھی تو اُس ذہن میں آ جاتا ہوں

یعنی نفرت کا بھی نقصان کہاں ہوتا ہے

شکر ہے اس کی نظر ہم کو میسر ہے میاں

ورنہ ہر درد کا درمان کہاں ہوتا ہے

دیکھ لیتا ہوں اسے راہ میں ہنستا، ورنہ

اپنی راحت کا بھی سامان کہاں ہوتا ہے

کر ہی لیتا ہوں میں ہمدردیاں حاصل اس کی

جُھوٹی قسموں کا بھی نقصان کہاں ہوتا ہے

اس کو دکھلاؤ یہ اُمید سے خالی آنکھیں

جو بھی کہتا ہے بیابان کہاں ہوتا ہے؟

دل تو وہ گھر ہے کہ آسیب بھی رُکتا نہیں یاں

اس سے بڑھ کر کوئی ویران کہاں ہوتا ہے


زوہیر عباس

No comments:

Post a Comment