Sunday, 19 May 2024

پھر ہمیں دار فضیلت میں بلائیں سلطاں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


پھر ہمیں دارِ فضیلت میں بُلائیں، سلطاں

پھرسے دل چاہنے والوں کےجِلائیں، سلطاں

آرزوئے دلِ مضطر ہے فقط اتنی سی

آپؐ کی دید کی کرتے ہیں دعائیں، سلطاں

دوریوں سے تِرے عشّاق رہیں افسردہ

جُز غمِ ہجر، نہ کچھ قلب میں پائیں، سلطاں

آمدِ شہﷺ پہ جلائے ہیں محِبّوں نے چراغ

راستوں پر تِری، پلکوں کو بچھائیں، سلطاں

آپﷺ کے شہر میں انوار چھما چھم برسیں

مُشکبو اس کی ہوائیں ہیں، فضائیں، سلطاں

ایک اک کے دلِ عاصی کو منّور کر دیں

جادۂ حق و صداقت پہ چلائیں، سلطاں

آپﷺ کی نسبت عالی پہ ہے نازاں زینب

درگزر کر دیں سبھی اس کی خطائیں،سلطاں


سیدہ زینب سروری قادری

No comments:

Post a Comment