Thursday, 9 May 2024

ساقیا دے بھی مئے روح افزا تھوڑی سی

 ساقیا دے بھی مئے روح افزا تھوڑی سی

بے وفا عمر کرے اور وفا تھوڑی سی

ہم تو اُس آنکھ کے ہیں دیکھنے والے دیکھو

جس میں شوخی ہے بہت اور حیا تھوڑی سی

وعدۂ غیر پہ کیا ہوتی ہے جلدی اُن کو

ہاتھ دھو ڈالتے ہیں مَل کے حنا تھوڑی سی

نغمہ دِل کش ہو تو دَم ساز دمِ عیسٰی ہے

کبھی آ جاتی ہے کانوں میں صدا تھوڑی سی

تم مرے جُرم کی تفصیل نہ پوچھو مجھ سے

کہ خطا وار بتاتا ہے خطا تھوڑی سی

ابھی بتخانے کے سجدوں سے تو فرصت ہولے

جا کے مسجد میں بھی کر لیں گے اَدا تھوڑی سی

مرگِ فرہاد پہ حسرت سے کہا شیریں نے

عمر عاشق ہی کو دیتا ہے خدا تھوڑی سی

وائے تقدیر گرے ٹوٹ کے ناخن اپنے

رہ گئی تھی گرہ بندِ قبا تھوڑی سی

آئے ہمسائے میں وہ گو نہ یہاں تک آئے

آج مقبول ہوئی میری دُعا تھوڑی سی

بعد مُردن مرے مرقد میں بنا دیں روزن

آتی جاتی رہے دُنیا کی ہوا تھوڑی سی

مُنصفی شرط ہے آخر کوئی کب تک بخشے

روز ہو جاتی ہے بھُولے سے خطا تھوڑی سی

داغ یہ مے ہے، یہ ساغر ہے، کہاں کی توبہ

پی خدا کے لیے اے مردِ خدا تھوڑی سی


داغ دہلوی

No comments:

Post a Comment