Friday 30 August 2024

جب کوئی غم ہی نہ ہو اشک بہاؤں کیسے

 جب کوئی غم ہی نہ ہو اشک بہاؤں کیسے

خُود کو دنیا کی اداکاری سکھاؤں کیسے

تیری ہر ایک جھلک اور بڑھاتی ہے طلب

ایسے میں پیاس نگاہوں کی بُجھاؤں کیسے

خودبخود آنکھوں کے پیمانے چھلک پڑتے ہیں

شدت غم کو چُھپاؤں تو چُھپاؤں کیسے

چاند تاروں سے ذرا بھی تجھے تسکین نہیں

زندگی اب میں تِری مانگ سجاؤں کیسے

جس کو آنے کی تصور میں بھی فُرصت نہ ملے

حال دل اس کو سُناؤں تو سُناؤں کیسے

بچ کے دُنیا کی نگاہوں سے خطا کر تو لوں

اپنی نظروں سے مگر خُود کو گراؤں کیسے

آگ ہو تو اسے پانی سے بُجھا بھی لوں جگر

یہ لگی دل کی ہے میں اس کو بُجھاؤں کیسے


جگر جالندھری

No comments:

Post a Comment