Thursday, 29 August 2024

ازل سے اب تک جو کُن کا مرکز بنا ہوا ہے وہی نبی ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ازل سے اب تک جو کُن کا مرکز بنا ہوا ہے وہی نبی ہے

خدائے برتر کے نور سے جو بدن ڈھلا ہے وہی نبی ہے

جو آپﷺ بولے وہ حکمِ ربّی وہی سلیقہ وہی ہدایت

جو صرف رب کے لیے زباں کو چلا رہا ہے وہی نبی ہے

نبیﷺ کا کہنا، خدا کا کہنا، خدا کا کہنا نبیﷺ کا کہنا

خدا نے جس کے لیے یہ جملہ ادا کیا ہے وہی نبی ہے

وہ چاند کا ہو کہ شمس کا ہو ووہ کنکری کا یا پیڑ کا ہو

خدا کی مرضی سے معجزے جو دکھا رہا ہے ویی نبی ہے

عطاٸیں اس کی عظیم تر ہیں وسیلہ جس کو بنایا رب نے

جو دے رہا ہے وہی خدا ہے دلا رہا ہے وہی نبی ہے

دعا نہ اُن کی قبول کی تو جنابِ آدم کو دھیان آیا

جو جام عرشِ علیٰ پہ کب سے لکھا ہوا ہے وہی نبی ہے

جنابِ موسیٰؑ بھی تھے پیمبر وہ نورِ حق کی نہ تاب لائے

خدا سے مل کر کلام کر کے جو آ رہا ہے وہی نبی ہے

بشارتوں کی حدوں میں کھو کر تلاش کر اپنے رب کو پارس

جو رحمتوں کے تمام پردے اٹھا رہا ہے وہی نبی ہے


تلک راج پارس

No comments:

Post a Comment