Friday 30 August 2024

اجاڑ لفظوں کی بے زبانی سے ڈر گئے ہیں

 اجاڑ لفظوں کی بے زبانی سے ڈر گئے ہیں

جو خود نوشتہ ہے اس کہانی سے ڈر گئے ہیں

ہمیں ہوائے قریبِ صحرا نے یہ خبر دی

کہ تشنہ لب تیرے اب کے پانی سے ڈر گئے ہیں

ہوئے تھے تم غیر، لیکن اب مرحلہ ہے مشکل

تمہاری غیروں کی ترجمانی سے ڈر گئے ہیں

ہم ایسے ہجرت نصیب تیری گلی میں آ کر

روایتِ عشق، بے مکانی سے ڈر گئے ہیں

چلن کو صیاد کے جو دیکھا تو ہم نے سمجھا

تمام یاروں کی قدر دانی سے ڈر گئے ہیں

جو میری کم گوئی کی وجہ سے ہوئے تھے دشمن

وہ میری تقریر کی روانی سے ڈر گئے ہیں

جنہیں ملا تاج اذنِ شرحِ وفائے جاناں

وہ سب وفاؤں کی رائیگانی سے ڈر گئے ہیں


طاہر عبید تاج

No comments:

Post a Comment