Friday, 30 August 2024

در نبی پہ جھکے دل ہے سر کا در مخصوص

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


درِ نبیؐ پہ جھکے دل، ہے سر کا در مخصوص

کہ بندگی و عبادت کے ہیں ہُنر مخصوص

مِرے کریم اچٹتی سی اک نظر ہے بہت

زہے نصیب کہ مجھ پر ہو وہ نظر مخصوص

کھلے جو آنکھ تو ہو روبرو مزار پاک

کب آئےگی مِری ہستی میں وہ سحر مخصوص

ثنائے سید کونینﷺ ان کی منزل ہے

خیال و فکر کا میرے ہے اک سفر مخصوص

خلیق آپؐ سا کوئی، نہ آپﷺ جیسا کریم

ہُنر رسولﷺ کے ہیں سارے سر بسر مخصوص

درِ رسولﷺ پہ لازم ہے ہو ادب کا لحاظ

ہو عرضِ حال کو اک طرز ہی دِگر مخصوص

کفیل جس کو ہے حاجت تلاش کرتا پھرے

خدا کا شکر! ہمارا ہے چارہ گر مخصوص


کفیل احمد فتحپوری

No comments:

Post a Comment