عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
کس شان سے ہوتی ہے ملاقات مکمل
اک سیر میں اٹھتے ہیں حجابات مکمل
توحید کا مضمون بھی قُل سے ہوا آغاز
محبوب کے ہونٹوں سے ہوئی بات مکمل
کشاف حقیقت ہے نکیرین کی ترتیب
سرکارﷺ پہ ہوتے ہیں سوالات مکمل
لا ریب کہ محفوظ ہیں سرکار کی باتیں
اس شان سے ہے نظم روایات مکمل
جب تک نہ پڑھوں صل علیٰ، بعد تشہد
ہوتی ہی نہیں رب سے مناجات مکمل
منزل کی ضمانت ہے ترا جادہ روشن
ہیں آج بھی قدموں کے نشانات مکمل
اے ظرف طلب! وسعت دامان طلب مانگ
بخشش پہ تو ہوتی نہیں خیرات مکمل
اک چشم عنایت ہو مِرے عجز بیاں پر
اے کاش، میں کر پاؤں کوئی نعت مکمل
مسعود اختر
No comments:
Post a Comment