عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
دے کے سینوں کے لیے تحفۂ ایمان گیا
سُوئے فردوس بریں آج وہ ذیشان گیا
جس کے سجدے ہوئے تلوار کے سائے میں ادا
بر سرِ نیزہ وہ پڑھتا ہوا قُرآن گیا
اپنے سینے میں لیے پھرتا ہے یادیں ان کی
وقت بھی مرتبۂ ابنِ علیؑ جان گیا
دیکھ کر ملکِ فلسطین کا خُونی منظر
"کربلا آج مِرا تیری طرف دھیان گیا"
تھی خبر جس کو یقینی ہے شہادت میری
پھر بھی کس شان سے وہ بر سرِ میدان گیا
جو اُٹھا کشتئ ایماں کو ڈبونے کے لیے
سُوئے ساحل اسے لے کر وہی طوفان گیا
حق پرستوں کی شہادت ہے حیات ابدی
سر یہ شبیرؑ کا کرتا ہوا اعلان گیا
خود جھُلستا رہا صحرا میں ہماری خاطر
اور ہمارے لیے رحمت کی ردا تان گیا
آزمائش تھی نبیؐ زادوں کی، یہ جنگ نہ تھی
اس حقیقت کو جہاں پوری طرح مان گیا
ان کی چوکھٹ پہ تصورکی رفاقت میں کفیل
لے کے ہمراہ مجھے بھی مِرا ارمان گیا
کفیل احمد فتحپوری
No comments:
Post a Comment